اڈپی 26/اپریل (ایس اونیوز) شنکر پورا کے سبھاش نگر میں واقع ایک گھر میں پیش آئی چوری ایک واردات میں لٹیروں نے تقریباً5لاکھ روپے مالیت کے زیورات پر ہاتھ صاف کردیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق نامعلوم چوروں نے آئرین مارٹس نامی ایک وظیفہ یاب ٹیچر کے گھر میں گھسنے کے بعد ایک دوسری الماری میں رکھی گئی زیورات کی الماری والی چابی ڈھونڈ نکالی ہے اور پھر اس کے بعد195گرام وزنی سونے زیورات لوٹ کو رفو چکر ہوگئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ آئرین نے شنکر پورا میں ہی ایک خاص تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس لوٹ کر اپنے زیورات اتارے تھے اور انہیں الماری میں رکھ کر قفل لگادیا تھا۔ مگر عادت کے مطابق اس نے دوسری بغیر قفل والی الماری میں زیوارات والی الماری کی چابی رکھ دی تھی۔
آئرین کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ رہتی ہے اورگھر میں ایک خادمہ بھی رہا کرتی ہے۔ چوری کی واردات اس وقت انجام دی گئی ہے جب رات کو گھر کے لوگ دو الگ الگ کمروں میں سورہے تھے۔گمان کیا جاتا ہے کہ اس واردات میں آئرین کے گھر والوں سے قریبی اور جانکار شخص کا ہاتھ ہوسکتا ہے جسے اس بات کا علم تھا کہ زیورات والی الماری کی چابی کہاں رکھی جاتی ہے۔یا پھر ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ چوروں نے گھر میں گھسنے کے بعد بغیر قفل والی الماری کی تلاشی لی ہوگی اور اس وقت زیورات والی الماری کی چابی ان کے ہاتھ لگی ہوگی۔
شیروا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کردی گئی ہے اور پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔